YDA PIMS

YDA PIMS

Share

The official page of YDA PIMC, founded on June 27, 2022.

23/02/2026

پریس ریلیز
ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ

خیبر پختونخواہ میں گزشتہ کئی برسوں سے محکمہ صحت کے ملازمین، بالخصوص ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکس، بدترین استحصال اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ صوبے میں آئے روز ڈاکٹرز پر تشدد، اقدامِ قتل اور قتل جیسے افسوسناک واقعات رونما ہو رہے ہیں، جو نہایت تشویشناک صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔

گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال کوہاٹ میں تعینات خاتون سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مہوش کو شام کی ڈیوٹی سے واپسی کے دوران سفاکانہ انداز میں سات گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ ڈاکٹر مہوش کا قصور صرف یہ تھا کہ انہوں نے ایک مریضہ کے ساتھ آئے شخص کو مؤدبانہ طور پر خواتین کے چیک اَپ ایریا سے باہر مردانہ انتظار گاہ میں جانے کا کہا۔ معمولی تلخ کلامی پر مشتعل ہو کر ملزم نے رات آٹھ بجے تک انتظار کیا اور ڈیوٹی سے واپس جاتی نہتی خاتون ڈاکٹر کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

شہید ڈاکٹر مہوش کا قتل صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ یہ پختون روایات، ڈاکٹر کے وقار، پیشہ ورانہ تحفظ اور انسانیت پر حملہ ہے۔ ڈاکٹر کمیونٹی کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔

اس افسوسناک واقعے کے بعد ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کا جنرل کونسل اور سنٹرل کونسل اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے بھر کی تمام کابینہ جات کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کوہاٹ نے واقعے پر تفصیلی بریفنگ دی اور زمینی حقائق سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر اس بزدلانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا گیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخواہ کی جانب سے اعلان کیا جاتا ہے کہ کل سے کوہاٹ سمیت پورے جنوبی اضلاع کوہاٹ، وزیرستان، کرک، لکی مروت، بنوں اور ڈی آئی خان کے تمام ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال اور تمام الیکٹیو سروسز سے مکمل بائیکاٹ کیا جائے گا۔

مزید برآں کل دن 2 بجے پشاور پریس کلب میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں ڈاکٹرز کے مسلسل استحصال، سیکیورٹی کی ابتر صورتحال اور شہید ڈاکٹر مہوش کے ساتھ ہونے والی بربریت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی اور آئندہ کے لیے سخت ترین لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

بتدریج اس احتجاج کا دائرہ پورے خیبر پختونخواہ تک پھیلایا جائے گا۔

متحد رہیں، مضبوط رہیں۔

Want your organization to be the top-listed Non Profit Organization in Peshawar?
Click here to claim your Sponsored Listing.

Telephone

Website

Address


Peshawar
25100